مکتوب پیر مٹھا ۵: بنام حاجی نواب شاہ صاحب

مکتوب شریف حضرت شیخ عبدالغفار فضلی نقشبندی مجددی (م ۱۹۶۴) المعروف پیر مٹھا قدس سرہ

یہ مکتوب آپ نے اپنے مرید حاجی نواب شاہ صاحب کی طرف لکھا۔

حوالہ: جماعت اصلاح المسلمین، پاکستان

مکتوب شریف نیچے شروع ہوتا ہے۔

مشفقی و مخلصی جناب حاجی نواب شاہ صاحب سلمہ اللہ تعالیٰ

السلام علیکم و رحمۃ اللہ و برکاتہ

آپ کے مکتوب شریف کے مطالعہ سے خوشی حاصل ہوئی۔ عزیزا ہر چند ہوسکے ترک ماسواللہ تعالیٰ میں کوشش فرماؤ اور محبت غیر کی دل میں ایک قلعہ خیبر کی مثال ہے، اور اس مضبوط قلعہ کو حضرت علی المرتضیٰ شیر مرداں رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی طرح فتح کرو اور اس قلعۂ قوی کو بنیاد سے اکھیڑ ڈالو۔ عزیزا یاد رکھو جب تک محبت غیر بقدر دانۂ حرمل ہی کیوں نہ ہو دل میں موجود، تب تک محبت حضرت حق سبحانہ و تعالیٰ کی اور معرفت اس کی حرام ہے۔ اور مرض مہلک کا علاج ذکر نفی اثبات لا الہ الّا اللہ نہایت مفید ہے۔ ذکر اور مراقبہ اور تبلیغ میں سرگرم رہو اور اس راہ میں دیوانگی کی ضرورت ہے، اور کسی نے فارسی میں کہا ہے

دل اندر زلف لیلیٰ بند و کار را از عقل مجنوں کن
کہ عاشق را زیاں دارد مقالات خرد مندی

اشغال دنیا سے آزاد ہوجانا علامت ہے آزاد دل ہونے کی، ہر چند ہوسکے آزادی اختیار کرو، اور سفر بہت کرو کہ اس میں بہت فوائد مضمر ہیں ”فذکر فان الذکریٰ تنفع المؤمنین“ نص قطعی ہے۔ غرض یہ کہ گھر کو سفر سمجھو اور سفر کو گھر سمجھو۔ آپ کا خط اور معًا مولانا مولوی نور محمد صاحب و مولوی اللہ بخش صاحب کا خط پہنچا۔ خلیفہ صاحب مولوی عبدالواحد صاحب بہت وقت ٹکے رہے ہیں، اب روانہ ہوگئے ہیں، اور میاں رحمت اللہ ڈہرکی والا عرس شریف سے لیکر اب تک ٹکے ہوئے ہیں۔ نہایت مخلص بندہ ہے۔ اب لنگر میں مولوی خاوند بخش و میاں رحمت اللہ ٹکے ہوئے ہیں۔ ارادہ بندہ کا اس طرف تھا لیکن جب آپ نے اس طرف کے ملٹری کے شدائد لکھے ہیں اس لیے تیاری ملتوی ہوگئی ہے۔ انشاء اللہ بعد صلاح کے تیاری کی جاوے گی۔

أضف تعليقاً

لن يتم نشر عنوان بريدك الإلكتروني. الحقول الإلزامية مشار إليها بـ *