مکتوب شریف حضرت شیخ محمد عثمان دامانی نقشبندی مجددی رحمۃ اللہ علیہ (وفات ۱۳۱۴ھ)، خانقاہ احمدیہ سعیدیہ موسیٰ زئی شریف، ضلع ڈیرہ اسماعیل خان، پاکستان
مکتوب ۹۔ یہ مکتوب آپ نے میاں غلام محی الدین صاحب کے نام تحریر فرمایا۔
موضوع: نفس کی مخالفت اور اپنے معمولات میں میانہ روی کے بارے میں
حوالہ: تحفۂ زاہدیہ، مکتوبات خواجہ محمد عثمان دامانی و خواجہ سراج الدین، زوار اکیڈمی پبلی کیشنز، کراچی، طبع دوم ۲۰۰۰
فارسی سے اردو ترجمہ: صوفی محمد احمد نقشبندی مجددی زواری
مکتوب شریف نیچے شروع ہوتا ہے:
بسم الله الرحمٰن الرحيم
الحمد لله وسلامٌ علٰى عباده الّذين اصطفىٰ
اخوی و اعزی ارشدی میاں محی الدین صاحب!
بعد سلامِ مسنونہ کے دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ آپ کو زمانے کے حوادث و مصائب سے محفوظ رکھے۔ آپ کا مکتوب گرامی موصول ہو کر باعثِ مسرت ہوا۔
اے بھائی! یہ زمانہ فتنہ و فساد کا زمانہ ہے۔ عقلمند کا پہلا کام یہ ہے کہ وہ اپنے نفس و ہوس کی مخالفت میں کوشش کرے۔ نفس کی مخالفت صادق مصدوق حبیبِ خدا صلی اللہ علیہ وسلم کے فرمان کے مطابق جہادِ اکبر ہے۔ پس مومن صادق کے لئے لازم ہے کہ وہ نفس کی مخالفت کے لئے وہ طریقے اختیار کرے جو کہ اہل اللہ نے مقرر فرمائے ہیں۔ وہ یہ ہیں:
اول: روزہ افطار کے وقت تھوڑا کھائیں اور روزہ رکھیں۔ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ایسا ہی فرمایا ہے۔
دوم: مہینے یا دو مہینے میں ایک مرتبہ فصد کھلوائیں (پہلے زمانے میں علاج کا ایک طریقہ تھا)
سوم: پیدل چلنا۔ ہر روز اس قدر پیدل چلیں کہ آپ تھک جائیں، اور خوراک اتنی کھائیں کہ پیٹ کا ایک تہائی حصہ بھر جائے۔ اور پانی کم پئیں۔
اہل اللہ نے نفس کے دشمنوں کے خلاف جنگ کرنے کے مذکورہ طریقے نافذ کئے ہیں۔ فقیر کے بزرگ اپنی خوراک، پوشاک، سونے بیٹھنے، اور دوست دشمن کے ساتھ میل جول رکھنے میں میانہ روی اختیار کرتے تھے۔ نفس و شیطان کی مخالفت کے بارے میں جو مندرجہ بالا طریقے تحریر کئے ان سے یہ مقصد ہے کہ انسان ہلکا پھلکا رہے، تا کہ پنج وقتہ نماز میں آسانی سے اٹھ بیٹھ سکے۔ ہاں اتنا خیال رہے کہ دن رات میں ایک تہائی خوراک ایک وقت میں ضرور کھائیں تا کہ بالکل ہی لاغر و کمزور نہ ہو جائیں۔
یہ وقت کام کرنے کا وقت ہے۔ پانچوں وقت توجہ باطنی مولوی صاحب سے لیا کریں۔ اس پر بھی اگر کام نہ بنے تو فقیر کو مطلع فرمائیں۔