مکتوب شیخ عثمان دامانی ۸۔ دولت مندوں کی محبت قلب کو مکدر کر دیتی ہے

مکتوب شریف حضرت شیخ محمد عثمان دامانی نقشبندی مجددی رحمۃ اللہ علیہ (وفات ۱۳۱۴ھ)، خانقاہ احمدیہ سعیدیہ موسیٰ زئی شریف، ضلع ڈیرہ اسماعیل خان، پاکستان

مکتوب ۸۔ یہ مکتوب آپ نے اپنے مرید حق داد خان صاحب کے نام تحریر فرمایا۔

موضوع: دولت مندوں کی محبت جو قلب کو مکدر کر دیتی ہے، انسان کی جانی دشمن ہے

حوالہ: تحفۂ زاہدیہ، مکتوبات خواجہ محمد عثمان دامانی و خواجہ سراج الدین، زوار اکیڈمی پبلی کیشنز، کراچی، طبع دوم ۲۰۰۰

فارسی سے اردو ترجمہ: صوفی محمد احمد نقشبندی مجددی زواری

مکتوب شریف نیچے شروع ہوتا ہے:

 بسم الله الرحمٰن الرحيم

الحمد لله وسلامٌ علٰى عباده الّذين اصطفىٰ

اما بعد، محبت و اخلاص نشان، مودت و اختاص عنوان، حق داد خاں صاحب، سلمهُ الله تعالیٰ عن جمیع الحوادث والنوائب۔

فقیر حقیر لاشی عثمان عُفِیَ عَنهُ کی طرف سے بعد تسلیمات و دعوات معلوم ہو کہ خیریت نامہ موصول ہوا، گردشِ زمانہ کی وجہ سے ذریعہ معاش کے متعلق جو آپ نے اپنی بے چینی کا اظہار کیا ہے، اس سے آگاہی ہوئی۔

دعا کی گئی ہے کہ اللہ تعالیٰ اپنے فضل و کرم سے آپ کو دنیا کے جھگڑوں اور تفکرات سے نجات دلائے اور قلبی سکون عطا فرما کر آپ کی کل مرادیں بر لائے اور آپ کو اپنے گھر میں خوش و خرم رکھے۔ فقیر کو ہر حال میں، خواہ آپ کی موجودگی ہو یا غیر موجودگی، اپنے خاندان کے لئے دعاگو تصور فرمائیں۔

جنابِ من! ”کل اناء یترشح بما فیه“ اول فقیر خوار و بے اعتبار تھا۔ فقیر آپ کی موجودگی میں آپ کو ماحضر پر قناعت کرنے کی ترغیب دیتا تھا۔ مگر چونکہ غربت لوگوں کی نظر میں ایک بری چیز ہے، اس لئے لوگوں نے آپ کو کسی دولتمند کی ملازمت اختیار کرنے کی رائے دی ہے۔ حالانکہ اگر غور کیا جائے تو حقیقت میں وہ دولتمند خود محتاج و غریب ہے۔ اس کی مجلس خدائے وحدہٗ لا شریک کے ذکر و فکر سے خالی ہے۔

ضرورت کی وجہ سے مجبورًا آپ کا قیمتی وقت جس کا کوئی بدل نہیں ان بے دینوں کی خوشی و خاطر داری میں صرف ہوتا ہے۔ بزرگوں نے فرمایا ہے: ”الوقت سیف قاطع“، یعنی وقت کاٹنے والی تلوار کے مانند ہے۔

بس آپ کے مال میں برکت اور قلب میں صفائی اس لئے نہیں رہی کہ آپ کو پہلے کی طرح آزادی اور بے تعلقی نصیب نہیں۔ یہ سب کچھ نقصان اور ضرر جناب صادق مصدوق حبیبِ خدا صلی اللہ علیہ وسلم کے فرمان مبارک کے مطابق آپ کو پہنچا ہے۔ وہ یہ کہ دولتمندوں کی صحبت انسان کی جانی دشمن ہے۔ ورنہ تو فقیر نے ہمیشہ آپ کے لئے دعا کی ہے اور انشاء اللہ تا حیات اسی طرح آپ کو اپنی دعاؤں میں یاد رکھوں گا۔ اللہ تعالیٰ حضرت صاحب قبلہ و کعبہ نور اللہ تعالیٰ مرقدہُ الشریف کی برکت سے آپ کی تمام مشکلات رفع دفع کریگا۔ بد دل نہ ہوں۔ ہمیشہ حضراتِ گرامی قدّسنا الله تعالیٰ باسرارهم السامی کا واسطہ دے کر اپنے غموں سے خلاصی اور حاسدوں اور دشمنوں پر فتحیابی کے لئے دعا مانگا کریں۔ انشاء الله تعالیٰ آپ کی جملہ مشکلات آسان ہو جائیں گی۔

أضف تعليقاً

لن يتم نشر عنوان بريدك الإلكتروني. الحقول الإلزامية مشار إليها بـ *