مکتوب شیخ عثمان دامانی ۷۔ دنیا کے چند تر نوالوں کی خاطر اپنے دین کو برباد کرنے کے بارے میں

مکتوب شریف حضرت شیخ محمد عثمان دامانی نقشبندی مجددی رحمۃ اللہ علیہ (وفات ۱۳۱۴ھ)، خانقاہ احمدیہ سعیدیہ موسیٰ زئی شریف، ضلع ڈیرہ اسماعیل خان، پاکستان

مکتوب ۷۔ یہ مکتوب آپ نے اپنے خلیفۂ اجل حضرت مولانا مولوی محمود شیرازی صاحب کے نام تحریر فرمایا۔

موضوع: دنیا کے چند تر نوالوں کی خاطر اپنے دین کو برباد کرنے کے بارے میں

حوالہ: تحفۂ زاہدیہ، مکتوبات خواجہ محمد عثمان دامانی و خواجہ سراج الدین، زوار اکیڈمی پبلی کیشنز، کراچی، طبع دوم ۲۰۰۰

فارسی سے اردو ترجمہ: صوفی محمد احمد نقشبندی مجددی زواری

مکتوب شریف نیچے شروع ہوتا ہے:

 بسم الله الرحمٰن الرحيم

الحمد لله وسلامٌ علٰى عباده الّذين اصطفىٰ

اما بعد، مخدومی و مکرمی جناب مولوی محمود شیرازی صاحب دام فیضہٗ و عنایتہٗ۔ فقیر حقیر لاشئ عثمان عُفِیَ عَنہُ کی طرف سے بعد تسلیمات و تکریمات معلوم ہو کہ آپ کے دو مکتوب گرامی یکے بعد دیگرے تھوڑے تھوڑے وقفہ کے بعد موصول ہو کر کاشف احوال ہوئے۔ مولوی کی گفتگو کے متعلق پڑھ کر تعجب ہوا اور دعا مانگی۔

اللهم لا تكلنا الىٰ نفسنا طرفة عين ولا اقل من ذلك

”اے ہمارے خدا، آنکھ کے جھپکنے یا اس سے بھی کم وقت میں ہمیں اپنے نفسوں کا خیال بھی نہ آنے دے، یعنی ہر لمحہ ہمیں اپنے نفسانی خطرات سے محفوظ رکھ۔“

تعجب اس بات پر ہے کہ مولوی صاحب نے دنیا کے چند تر نوالوں کی خاطر جس کے بغیر تھوڑے پر بھی گزارہ ہو سکتا ہے، اپنی ریاضات و مجاہدات کے ذریعے اپنی جان کو ہلاکت میں ڈالا ہے، اور اس دولتمند کی خاطر جو حقیقت میں سب سے زیادہ مفلس و نادار ہے، صراطِ مستقیم سے کنارہ کشی کی ہے۔ ہائے افسوس! اکابرین و مقبولینِ عرب و عجم کے مقابلے میں محبوس عقل کی نظروں میں اپنے آپ کو بہتر و افضل منوایا ہے تا کہ لوگوں کو اپنا معتقد و گرویدہ بنائے اور ان کے مال و زر پر ڈاکہ ڈالے۔ کیا یہ عقلمندی کا کام ہے؟ اللہ تعالیٰ اس کو ہدایت نصیب فرمائے۔ اللہ والوں کا کہنا ہے کہ جھوٹا ہمیشہ ذلیل و خوار ہوتا ہے۔ اللہ تعالیٰ فقیر کو اور فقیر کے دوستوں کو اس قسم کی ہلاکت سے محفوظ رکھے۔ فی الحقیقت آپ کے لئے یہ عبرت کا مقام ہے۔ غور تو کرو کہ اس قدر سالوں کی ریاضت و مجاہدے کے بعد بھی اس کو کچھ ثمرہ حاصل نہ ہوا۔ حالانکہ خود غلطی پر تھا، لیکن اپنی غلطی کو اکابرِ دین متین کی طرف منسوب کیا۔ نعوذ بالله من الشيطان الرجيم

اللهم لا تزغ قلوبنا بعد اذ هديتنا وهب لنا من لدنك رحمة انك انت الوهاب

ہر وقت توبہ استغفار کرتے رہیں اور اپنے کام یعنی ذکرِ الٰہی میں مشغول رہیں۔ اور ایسی خوشی سے جو جلد ہی آئے اور جلد ہی چلی جائے ہمیشہ ڈرتے رہیں۔

أضف تعليقاً

لن يتم نشر عنوان بريدك الإلكتروني. الحقول الإلزامية مشار إليها بـ *