مکتوب شیخ عثمان دامانی ۶۔ قیمتی وقت کو ذکرِ الٰہی میں صرف کرنے کے بارے میں

مکتوب شریف حضرت شیخ محمد عثمان دامانی نقشبندی مجددی رحمۃ اللہ علیہ (وفات ۱۳۱۴ھ)، خانقاہ احمدیہ سعیدیہ موسیٰ زئی شریف، ضلع ڈیرہ اسماعیل خان، پاکستان

مکتوب ۶۔ یہ مکتوب آپ نے حاجی حافظ محمد خان صاحب کے نام تحریر فرمایا۔

موضوع: قیمتی وقت کو ذکرِ الٰہی میں صرف کرنے کے بارے میں

حوالہ: تحفۂ زاہدیہ، مکتوبات خواجہ محمد عثمان دامانی و خواجہ سراج الدین، زوار اکیڈمی پبلی کیشنز، کراچی، طبع دوم ۲۰۰۰

فارسی سے اردو ترجمہ: صوفی محمد احمد نقشبندی مجددی زواری

مکتوب شریف نیچے شروع ہوتا ہے:

 بسم الله الرحمٰن الرحيم

الحمد لله وسلامٌ علٰى عباده الّذين اصطفىٰ

اما بعد۔ محبت و اخلاص نشان، مؤدت و اختصاص عنوان، جناب حاجی حافظ محمد خاں صاحب۔ فقیر حقیر لاشئ عثمان عُفِیَ عَنہُ کی طرف سے بعد سلامِ مسنونہ و دعواتِ ترقیاتِ دارین مشحونہ کے، معلوم ہو کہ مکتوب گرامی جس میں آپ نے دشمنوں کی عداوت کے متعلق تحریر کیا تھا موصول ہوا۔ حالات مافیہا سے آگاہی ہوئی۔ دعا ہے اللہ تعالیٰ آپ کو ظاہری و باطنی دشمنوں کے شر سے اپنے حفظ و امان میں رکھے اور آپ کے تمام دلی و جانی مقاصد بر لائے، آمین۔ نیز اللہ تعالیٰ جلّ شانہٗ آپ کو اپنے عزیز و اقارب کی نظروں میں عزت و سرخروئی عطا فرمائے۔

حقیقی کارساز اللہ جلّ شانہٗ پر بھروسہ کر کے پیرانِ کبار علیہم الرحمۃ والرضوان کا واسطہ دے کر بغیر کسی خوف و خطر کے حاکمِ وقت کے سامنے ہمت و حوصلے کے ساتھ حاضر ہو جائیں۔ اللہ تعالیٰ جلّ شانہٗ وعز برہانہٗ آپ کو الزام سے بری کر دے گا۔ ہر مشکل کا حل موجود ہے۔

اے عزیز! اپنے دنیاوی کاموں سے فرصت پا کر باقی ماندہ قیمتی وقت کو ذکرِ الٰہی میں صرف کریں۔ شغل باطنی دوسرے کاموں کے مقابلے میں زیادہ اہم ہے۔ اپنے وقت کو بیکار ضائع نہ کریں۔ جو کچھ کرنا ہے وہ آج کر لو۔ کل سوائے حسرت و ندامت کے کچھ ہاتھ نہ آئے گا۔

زیادہ والسلام

أضف تعليقاً

لن يتم نشر عنوان بريدك الإلكتروني. الحقول الإلزامية مشار إليها بـ *