نامہ مبارک حضرت خاتم المرسلین صلی اللہ علیہ وسلم بنام نجاشی

نامہ مبارک حضرت سید الاولین والآخرین خاتم الانبیاء والمرسلین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم (وصال مبارک ۱۱ھ)

یہ نامۂ مبارک آپ نے نجاشی شاہِ حبشہ (وفات رجب ۹ھ) کو دعوتِ اسلام کے لئے بھیجا۔ اس نجاشی کا نام اصحمہ بن ابجز تھا۔

یہ خط عمرو بن امیہ ضمیری لے کر گئے تھے۔ جب یہ خط نجاشی کو ملا تو اس نے اس کو اپنی آنکھوں پر رکھا اور تخت سے اتر کر زمین پر بیٹھ گیا۔ اسلام قبول کیا، حق کی شہادت دی، ہاتھی دانت کا ڈبہ منگوا کر اس میں نامۂ مبارک کو رکھا اور کہنے لگا کہ جب تک یہ خط حبشہ میں رہے گا اہل حبشہ بخیریت رہیں گے۔ (خطوط ہادیِ اعظم)

زبان: عربی

اردو ترجمہ: سید فضل الرحمٰن

حوالہ: خطوطِ ہادیِ اعظم صلی اللہ علیہ وسلم (اردو)، سید فضل الرحمٰن، زوّار اکیڈمی پبلی کیشنز، کراچی، پاکستان، جولائی ۱۹۹۵

نامہ مبارک کا اردو ترجمہ نیچے شروع ہوتا ہے:


بسم الله الرّحمٰن الرّحيم

اللہ کے رسول محمد (صلّی اللہ علیہ وسلّم) کی طرف سے حبشہ کے عظیم بادشاہ نجاشی کی طرف۔ سلام ہو اس پر جو ہدایت کی پیروی کرے۔

اما بعد! میں اس خدا کی تعریف کرتا ہوں جس کے سوا کوئی معبود نہیں، وہی حقیقی بادشاہ ہے، وہ تمام عیبوں سے پاک ہے، امن دینے والا اور سب کا نگہبان ہے۔ اور میں اس بات کی گواہی دیتا ہوں کہ عیسیٰ بن مریم (علیہ السّلام) اللہ کی روح اور اس کا حکم ہیں جس کو اللہ تعالٰی نے مریم بتول، طیبہ، عفیفہ کی جانب القا کیا کہ وہ اللہ کے نبی (حضرت) عیسیٰ کی والدہ بنیں۔ پس اللہ تعالٰی ہی نے ان کو اپنی روح سے پیدا کیا اور اس کو (حضرت مریم میں) پھنک دیا جیسا کہ اس نے (حضرت) آدم (علیہ السلام) کو اپنے دستِ قدرت سے بنایا۔ اور میں تجھے اللہ کی طرف اور اس کی اطاعت و فرمان برداری کی محبت کی طرف بلاتا ہوں، جو ایک ہے اور اس کا کوئی شریک نہیں، اور یہ کہ تو میری اتباع کرے اور اس پر یقین کرے جو اللہ کی طرف سے میرے پاس آیا ہے (یعنی قرآن)۔ کیونکہ میں اللہ کا رسول ہوں اور میں تمہیں اور تمہارے لشکر کو اللہ عزّوجل کی طرف بلاتا ہوں۔ اور میں نے اللہ کا حکم پہنچا دیا اور تمہیں نصیحت کر دی۔ پس تم میری نصیحت قبول کرو۔ اور سلامتی ہو اس پر جو ہدایت کی پیروی کرے۔


عربی متن

بِسم الله الرّحمٰن الرّحيم. مِن محمدٍ رسول الله الى النجّاشي عظيم الحبشة. سلام على من اتَّبع الهُدى. اما بعد! فاني احمد اليك الله الذي لا الٰه الّا هو الملِك القُدوس السّلام المؤمن المُهيمن. واشهد ان عيسى بن مريم روح الله وكلمته القاها الى مريم البتول الطيّبة الحصينة فحملت بِعيسى مِن روحه ونفخه كما خلق آدم بيده. واني ادعوك الى الله وحده لا شريك له والمَوالاة على طاعته وان تتبِعني وتوقن بالذي جاءني فاني رسول الله، وانّي ادعوك وجنودك الى الله عزَّ وجلَّ وقد بلَّغتُ ونصحتُ فاقبلوا نصيحتي. والسَّلام على من اتَّبع الهُدى.


عکس نامۂ مبارک

najjashai

أضف تعليقاً

لن يتم نشر عنوان بريدك الإلكتروني. الحقول الإلزامية مشار إليها بـ *