مکتوب حاجی دوست محمد قندھاری ۲۶: دس رسالے جو فرقہ وہابیہ کے رد میں لکھے گئے ہیں

مکتوب شریف حضرت قطب الاقطاب شیخ حاجی دوست محمد قندھاری نقشبندی مجددی (وفات ۱۲۸۴ھ)، بانی خانقاہ احمدیہ سعیدیہ موسیٰ زئی شریف، ضلع ڈیرہ اسماعیل خان، پاکستان

بنام خان ملا خان صاحب، دس رسالے جو فرقہ وہابیہ کے رد میں لکھے گئے ہیں۔

زبان: فارسی

اردو ترجمہ: صوفی محمد احمد نقشبندی زواری

حوالہ: تحفۂ ابراہیمیہ: مکتوبات حضرت مولانا حاجی دوست محمد قندھاری رحمۃ اللہ علیہ، اردو ترجمہ: صوفی محمد احمد نقشبندی مجددی زواری، زوار اکیڈمی پبلی کیشنز، کراچی، طبع دوم 1998

مکتوب شریف نیچے شروع ہوتا ہے:


الحمد لِله وسلامٌ على عباده الّذين اصْطفىٰ

اما بعد: شواہد فضل و افضال و دلائل عنایات و کمال و اکمال، رافع ملت بیضا ناصب رایات شریعت غرا معاذ اکابر عظما ملاذ اعاظم علماء محقق قوانین ملک ملت و مقرر افانین دین و دولت زہدہ فضلا و قدروہ علماء عالی جناب شریعت مآب خان ملا خان صاحب سلّمہ اللہ تعالٰی تاباں و درخشاں باد۔

فقیر حقیر لاشئ دوست محمد المعروف بہ حاجی کی طرف سے بعد دعوات و تسلیمات مسنونہ کے معلوم ہو کہ فقیر کے حال احوال بفضلِ تعالٰی منعم حقیقی حمد کے لائق ہیں۔ دعا ہے اللہ تعالٰی آپ کو بھی خیر و عافیت سے رکھے اور بہبودیِ دارین عطا فرمائے۔ آمین

عرض یہ ہے کہ دس رسالے جو فرقہ وہابیہ کے اقوال و عقائد کے رد کرنے کے سلسلہ میں تحریر کئے گئے ہیں، وہ اس فقیر کو دستیاب ہوئے ہیں۔ چنانچہ آپ کی خدمت میں ارسال کئے جا رہے ہیں، انشاء اللہ آپ کو مل جائیں گے۔

آپ کو چاہئے کہ ہمارے رسول اکرم صلّی اللہ علیہ وسلّم کے دین متین کی ترقی کے لئے ان رسالوں کو رائج کریں۔ فقیر دعاگو ہے کہ ربِ جلیل آپ کو اجرِ عظیم عطا فرمائے اور اللہ جلّ شانہٗ شریعتِ مطہرہ اور اہلِ سنت والجماعت کے عقائد پر سلامتی نصیب فرمائے۔ رسولِ پاک اور ان کی آل کے طفیل میں

ان رسالوں کے نام مندرجہ ذیل ہیں:

اول۔ حق المبین (فی اجوبۃ مسائلِ اربعین)، تصنیف حضرت مرشدی و شیخی قدسناہ اللہ تعالٰی بسرہ السامی (یعنی شاہ احمد سعید مجددی مہاجر مدنی)

دوم۔ دلیل القوی علٰی ترک القرأۃ للمقتدی

سوم۔ المواھب

چہارم۔ اشباع الکلام فی اثبات المولد والقیام

پنجم۔ تذکرۃ الموتیٰ والقبور

ششم۔ رد استفتا وہابیان

ہفتم۔ ھبۃ الطاعات

ہشتم۔ در المنقود فی حکم امراۃ المفقود

نہم۔ رسالہ شاہ عبدالعزیزؒ

دہم۔ رسالہ محتوی بر بیان مسائل فرقہ ناجیہ

یہ رسالے سیادت پناہ دستگاہ حقائق و معارف آگاہ ملا حیدر شاہ صاحب و فضیلت پناہ ملا صاحبزادہ نام قوم سلیمان خیل کے ہمراہ روانہ کر دیئے گئے ہیں۔ امید ہے کہ یہ حضرات ان کو آپ تک پہنچا دیں گے۔ چونکہ علماء اور خاص و عام دینی اور دنیاوی کاموں میں آپ سے رجوع کرتے ہیں اس لئے آپ کو تحریر کیا جا رہا ہے کہ آپ براۓ خدا فرقہ وہابیہ یعنی اہلِ حدیث کی مخالفت میں تبلیغ کی کوشش فرمائیں اور اہلِ سنت والجماعت کے عقائد کو پھیلائیں۔ انشاء اللہ سعادتِ کونین و برکاتِ دارین آپ کو نصیب ہوں گی۔

فقط والسلام۔ المرقوم بتاریخ غرہ ربیع الثانی ۱۲۸۱ھ

أضف تعليقاً

لن يتم نشر عنوان بريدك الإلكتروني. الحقول الإلزامية مشار إليها بـ *