مکتوب حاجی دوست محمد قندھاری ۳۰۔ بنام مولوی عبداللہ صاحب، فرقہ وہابیہ کے عقائد سے اجتناب کرنے کے بیان میں

مکتوب شریف حضرت قطب الاقطاب شیخ حاجی دوست محمد قندھاری نقشبندی مجددی (وفات ۱۲۸۴ھ)، بانی خانقاہ احمدیہ سعیدیہ موسیٰ زئی شریف، ضلع ڈیرہ اسماعیل خان، پاکستان

بنام مولوی عبداللہ صاحب، فرقہ وہابیہ کے عقائد سے اجتناب کرنے کے بیان میں۔

زبان: فارسی

اردو ترجمہ: صوفی محمد احمد نقشبندی زواری

حوالہ: تحفۂ ابراہیمیہ: مکتوبات حضرت مولانا حاجی دوست محمد قندھاری رحمۃ اللہ علیہ، اردو ترجمہ: صوفی محمد احمد نقشبندی مجددی زواری، زوار اکیڈمی پبلی کیشنز، کراچی، طبع دوم 1998

مکتوب شریف نیچے شروع ہوتا ہے:


بسم الله الرحمٰن الرحيم

الحمد لِله وسلامٌ علىٰ عباده الّذين اصْطفىٰ. امّا بعد! اللهم انّي اعوذ بك من ان اشرك بك شيئًا وانا اعلم به واسْتغفرك لا اعلم به تبت عنه وتبرات ورجعت من الكفر والشرك والكذب والغيبة والنميمة والبهتان والنفاق والمعاصي كلها أقول واسملت بقول لا الٰه الا الله محمد رسول الله.

جان سے عزیز، حقائق و معارف سے آگاہ، جناب مولوی عبداللہ صاحب سلّمہ اللہ تعالٰی۔
فقیر حقیر لاشئ دوست محمد المعروف بہ حاجی کی جانب سے سلام مسنون و دعائیں۔
یہاں کے احوال منعمِ حقیقی کے فضل و کرم سے لائقِ حمد و ستائش ہیں۔ دعا ہے اللہ تعالٰی میرے عزیز بھائی کو بھی سلامتی و عافیت سے رکھے۔ عرض یہ ہے کہ آپ کا نامہ گرامی جس میں فقیر کی احوال پرسی کی ہے، موصول ہوکر باعثِ مسرت ہوا۔ اللہ تعالٰی ہمیں اپنے ساتھ رکھے اور غیر کے ساتھ ہمارا تعلق نہ ہو فقط۔

قال الله تعالى: ”و امّا بنعمتِ ربّك فحدّث“

اللہ تعالٰی فرماتا ہے کہ اپنے رب کی نعمتوں کو بیان کر۔ اللہ تعالٰی کا ذکر ہمارے قلوب میں فکر و التفات کے ساتھ جاری ہو جائے اور یہ حالت ہمیشہ باقی رہے۔ اے بھائی! مقصود بالذات دونوں سے بہت اعلٰی ہے۔ لیکن اتنا ضرور ہے کہ ابتدا میں اس کے نام کا ذکر لطائف میں حضور، تفکر اور التفات پیدا کرتا ہے۔ جب سالک اس ذکر کو مسلسل کرتا رہتا ہے تو اس کو حضورِ دائمی نصیب ہوتی ہے، یعنی اس کے دل میں یہ ملکہ پیدا ہو جاتا ہے کہ کوئی شے توجہ الی اللہ سے اس کو غافل نہیں کر سکتی۔ یہاں تک کہ رفتہ رفتہ اس کا مقام اس مرتبۂ حضوری سے بھی بالاتر ہو جاتا ہے۔ حدیث پاک میں اسی کو مرتبۂ ”احسان“ فرمایا ہے۔ یعنی:

”الاحسان ان تعبد الله كأنك تراه“

(احسان یہ ہے کہ اللہ کی عبادت اس طرح کرے گویا کہ تو اس کو دیکھ رہا ہے۔)

آنے جانے والوں سے معلوم ہوا ہے کہ مولوی غیاث الدین وہابی فرقہ کے مسائل کے معتقد ہیں اور لوگوں کے سامنے ان ہی مسائل کو بیان کرتے ہیں۔ چنانچہ آپ کو تحریراً تاکید کی جاتی ہے کہ وہابی مسائل سے نفرت کریں اور دل سے اسماعیلیہ فرقہ وہابیہ (مولوی اسماعیل دہلوی کا وہابی فرقہ) سے بیزار رہیں۔ صحیح اعتقاد رکھنے اور عمل کرنے کے لئے سلفِ صالحین اہلِ سنت والجماعت، اللہ تعالٰی ان کی کوششوں کو مشکور فرمائے، کی لکھی ہوئی کتابیں ہمارے لئے کافی ہیں۔ یہی کتابیں آپ کے پیش نظر رہنا چاہئیں۔ آپ وہابی فرقے کے رسائل کا مطالعہ نہ کریں اور ان کے اعتقادات سے پرہیز و اجتناب کریں۔ اگر آپ اپنے پیرانِ کبار قدسنا الله تعالٰی باسرارهم الاقدس کے قوی اثر کو اپنے میں مشاہدہ کرنا چاہتے ہیں تو آپ کو چاہئے کہ تمام مسائل میں عملاً و اعتقاداً ظاہر و باطن میں اپنے پیروں کی پیروی کریں۔ انشاء اللہ حق تعالٰی جلّ جلالہ وعمّ نوالہ کی حقیقت و معرفت کا ثمرہ آپ کو ضرور نصیب ہوگا۔ کہہ دیجئے اللہ بس، ماسوا عبث و ہوس، وانقطع علیہ النفس۔

فقط والسلام خیر الختام

المرقوم بتاریخ ۲۳ ماہ شوال ۱۲۷۹ھ

أضف تعليقاً

لن يتم نشر عنوان بريدك الإلكتروني. الحقول الإلزامية مشار إليها بـ *