نامہ مبارک حضرت محبوب رب العالمین صلی اللہ علیہ وسلم بنام مُقَوقس

نامہ مبارک حضرت محبوبِ رب العالمین خاتم الانبیاء والمرسلین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم (وصال مبارک ۱۱ھ)

بنام جریج ابن مینا، لقب مقوقس، جو اسکندریہ (مصر) میں قبطیوں کا عیسائی حاکم تھا۔ یہ خط آنحضرت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے صحابی حضرت حاطب بن ابی بلتعہ رضی اللہ عنہ نے مقوقس کو پہنچایا۔

یہ نامۂ مبارک ۱۸۵۰ کے زمانے میں فرانس کے ایک مستشرق کو مصر میں اخمیم کے مقام پر ایک راہب سے ملا تھا۔ بعد میں سلطان عبد المجید خان اول نے تین سو اشرفیوں میں خرید لیا تھا۔ آجکل یہ مبارک خط استنبول کے ٹوپکپی محل عجائب گھر میں محفوظ ہے۔

صاحبِ مصباح المضی نے واقدی کے حوالے سے لکھا ہے کہ مقوقس کے نام بھیجا جانے والا یہ نامۂ مبارک حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ نے تحریر کیا تھا۔ (مکتوباتِ نبوی)

زبان: عربی

اردو ترجمہ: سید فضل الرحمٰن

حوالہ: خطوطِ ہادیِ اعظم صلی اللہ علیہ وسلم (اردو)، سید فضل الرحمٰن، زوّار اکیڈمی پبلی کیشنز، کراچی، پاکستان، جولائی ۱۹۹۵

نامہ مبارک کا اردو ترجمہ نیچے شروع ہوتا ہے:


بسم اللهِ الرّحمٰن الرّحيم

اللہ کے بندے اور اس کے رسول محمد (صلی اللہ علیہ وسلم) کی طرف سے قبط کے عظیم مقوقس کی طرف۔ سلام ہو اس پر جو ہدایت کی پیروی کرے۔

اما بعد! میں تمہیں اسلام کی طرف بلاتا ہوں۔ اسلام لے آؤ، سلامت رہو گے، اور اللہ تعالیٰ تمہیں دہرا اجر دے گا۔ پھر اگر تو نے روگردانی کی تو تجھ پر تمام قبط (کے اسلام نہ لانے) کا گناہ ہوگا۔

اور اے اہلِ کتاب! تم ایک ایسی بات کی طرف آؤ جو ہمارے اور تمہارے درمیان یکساں ہے، اور وہ یہ ہے کہ ہم اللہ تعالیٰ کے سوا کسی کی عبادت نہ کریں، اور نہ کسی کو اس کا شریک ٹھہرائیں۔ اور ہم اللہ کے سوا، آپس میں ایک دوسرے کو اپنا رب نہ بنائیں۔

پھر اگر وہ روگردانی کریں تو آپ کہہ دیجئے کہ تم گواہ رہو کہ ہم مسلمان ہیں۔


عربی متن

بسمِ الله الرّحمٰن الرّحيم. مِن محمدٍ عبدِ الله ورسولهٖ، الى المُقَوقِس عظيمِ القِبط. سلامٌ على من اتَّبع الهُدى. اما بعد! فانّي ادعوك بدِعاية الاسلام، اسلِم تَسلَم، يؤتِك الله اجرك مرّتين. فان تولَّيت، فعليك اثم القِبط، يا اهلَ الكتٰب تعالَوا الى كلمةٍ سواءٍ بيننا وبينَكم ان لا نعبُد الا الله ولا نُشرك به شيئًا، ولا يتَّخِذ بعضنا بعضًا اربابًا من دون الله، فان تولوا فقولوا اشهَدوا بانَّا مُسلِمون.


عکس نامۂ مبارک

نامۂ مبارک بنام مقوقس، شاہِ مصر
نامۂ مبارک بنام مقوقس، شاہِ مصر

أضف تعليقاً

لن يتم نشر عنوان بريدك الإلكتروني. الحقول الإلزامية مشار إليها بـ *