مکتوب شاہ احمد سعید مجددی ۱۔ حاجی دوست محمد قندھاری کی طرف

مکتوب شریف حضرت شیخ المشائخ حافظ شاہ احمد سعید مجددی فاروقی دہلوی مہاجر مدنی رحمۃ اللہ علیہ (وفات ۱۲۷۷ھ)، سجادہ نشین خانقاہ مظہریہ، دہلی، مدفون در جنت البقیع، مدینہ منورہ

یہ مکتوب آپ نے اپنے خلیفۂ اعظم حضرت حاجی دوست محمد قندھاری رحمۃ اللہ علیہ کی طرف لکھا۔

موضوع: طریقۂ شریفہ کو رائج کرنا، کچھ نصیحتیں، پورے انکسار کے ساتھ ہمیشہ ذکر کرنا اور اللہ تعالیٰ کی طرف ہمیشہ توجہ رکھنا۔

زبان: فارسی

اردو ترجمہ: محمد ظہیر الدین بھٹی

حوالہ: تحفۂ زواریہ، مکتوب حضرت شاہ احمد سعید مجددی، زوار اکیڈمی پبلی کیشنز، کراچی، اکتوبر 2011

مکتوب شریف نیچے شروع ہوتا ہے:


بسم اللہ الرحمٰن الرحیم

اخوی ارشدی حاجی دوست محمد صاحب۔ اللہ تعالیٰ انہیں سلامت رکھے اور اپنی ذات کے لئے بنا لے۔ فقیر احمد سعید عفی عنہ کی طرف سے، سلام مسنون اور خوب خوب ترقی کی دعاؤں کے بعد مطالعہ فرمائیے کہ ساتھیوں کو یہ نصیحت کی جاتی ہے کہ وہ بزرگوں کے سلسلے کو رائج کریں۔ دین و دنیا کے اُمور کو ظاہر و باطن کے لحاظ سے، پیران کرام کے واسطے سے، جنابِ الٰہی کے سپرد کر دیں۔ تمام واقعات کے پیش آنے کو خداوند کریم کارساز کی طرف سے سمجھیں۔ واقعات و حادثات پر چون و چرا نہ کریں۔ لوگوں کی مخالفت اور اُن کا مقابلہ نہ کریں۔ لغزشوں سے چشم پوشی کریں۔ لوگوں کی برائیوں کو کسی کے سامنے بیان نہ کریں۔ جو کچھ ملے وہ فقراء تک پہنچائیں اور اپنے لئے اللہ کے ماسوا ہر ایک سے ناامید ہو جائیں۔ صبر و توکل، قناعت، رضا و تسلیم، افتقار و انکسار اور خاکساری و تواضع اللہ کے دوستوں کا طریقہ ہے۔

کتاب صوفیہ اور مکتوبات شریف کو مطالعے میں رکھنا ضروری ہے۔ ہمارے پیرانِ کرام رضی اللہ عنھم کے توسل سے پوری انکساری کے ساتھ ذکر اور اللہ تعالیٰ کی طرف توجہ کو ہمیشہ کیا جائے۔ اس میں غفلت نہ کی جائی کہ حق جلّ و علا کے طالبوں کے لئے یہ اس راستے میں ناگزیر ہے۔ اللہ تعالیٰ کے سچے وعدوں پر اپنے دل کو مضبوط رکھا جائے، وسوسوں کی وجہ سے اپنے مقام سے نہ ہٹا جائے۔ یک سو ہوکر زندگی گزارنا اور ایک سو (اللہ پاک کی طرف) دیکھنا خلاصۂ زندگی ہے۔ اللہ تعالیٰ اس کمترین کو اور اس کے دوستوں کو ان امور پر عمل کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین۔

پستہ، آلو، تر نجبین، حبّ الخضرا، چلغوزہ اور اخروٹ پر مشتمل آپ کا بہترین ہدیہ مخلص میمن کے ہاتھ سے موصول ہوا۔ اللہ سبحانہٗ آپ کو ہماری طرف سے جزائے خیر دے۔ اپنی پہنی ہوئی ایک ٹوپی بھیج رہا ہوں، اسے نئے مراقبوں کے وقت سر پر رکھ لیں، انشاء اللہ باعثِ برکات ہو گی۔ آئندہ سال کچھ خوبانی بھی بھجوا دیجیے کہ بچوں کو پسند ہے۔ حامل رقعہ ہٰذا میمن سے ہم بہت خوش ہوئے کہ فقراء کے لئے مخلص ہے۔ آپ بھی اس کے ممد و معاون بنیے، اس کے حق میں ترقی کی دعائیں کیجئے اور اسے توجہ بھی دیں۔ والسلام

أضف تعليقاً

لن يتم نشر عنوان بريدك الإلكتروني. الحقول الإلزامية مشار إليها بـ *