مکتوب پیر مٹھا ۱۹: جناب خاوند بخش صاحب کی طرف

مکتوب شریف حضرت شیخ عبدالغفار فضلی نقشبندی مجددی (م ۱۹۶۴) المعروف پیر مٹھا قدس اللہ سرہ العزیز

یہ مکتوب آپ نے جناب خاوند بخش صاحب کی طرف صادر فرمایا۔

حوالہ: جماعت اصلاح المسلمین، پاکستان

مکتوب شریف نیچے شروع ہوتا ہے۔

مشفقی گرامی قدر میاں خاوند بخش صاحب سلمہ ربہ

السلام علیکم

یہاں خیریت ہے آپ کی خیریت مطلوب۔ عزیزا تبلیغ میں بجان و دل کوشش کرتے رہو اور خوش خلقی اور نرمی سے زیادہ تر اثر ہوتا ہے۔

کما قال اللہ تعالیٰ ”فبما رحمۃ من اللہ لنت لھم و ان کنت فظا غلیظا القلب لا انفضوا من حولک“نص قطعی ہے۔ گاہے گاہے عورتیں اھلۃ الذکر کو جمع کرکے حلقہ کرایا کرو اور مسائل نماز کے اور احکام شریعت کے سنائے کرو۔ اور ترغیب ذکر اور ترک محبت دنیا کے مسائل اور ترک محبت زیورات کے مسائل سنائے کرو اور پردہ کے احکام اور رجوع بمحبت پیر، اور سفر جتنا ہوسکے بہتر ہے۔ اور مردوں کو ترغیب نماز جماعت اور حلقہ اور کثرت ذکر کے مسائل اور ترک بغض اور حسد اور ترک محبت دنیا کے مسائل۔

حدیث شریف میں ہے”حب الدنیا رأس کلّ خطیئۃ“اور حدیث شریف میں ہے”من احب الدنیا اضر باٰخرتہ و من احب اٰخرتہ اضر بدنیا فاشروا ما یبقیٰ علیٰ ما یغنیٰ“یعنی دنیا کی محبت کرنے والے کو آخرت کا نقصان ہے اور طالب آخرت کو دنیا کا نقصان ہے۔ بہتر تو یہ ہی ہے کہ باقی کو فانی پر ترجیح دو۔ والسلام اولا آخرا جہنوں عورات اہل ذکر نے اس عاجز کو سلام بھیجے ہیں انہوں کو اس عاجز کی طرف سے سلام۔ خیریت انجام و دعا، عاقبت بالخیر اور دعا ہے تمام کو کہ رسوخ بہ محبت پیر عطا فرماوے۔

بیت ذکر کن ذکر کن تا ترا جان است
پاکئ دل ز ذکر رحمٰن است

بخدمت مشفقی میاں عبدالواحد صاحب اسلام علیکم مطالع باد۔

لاشئی فقیر محمد عبدالغفار فضلی

أضف تعليقاً

لن يتم نشر عنوان بريدك الإلكتروني. الحقول الإلزامية مشار إليها بـ *