مکتوب شریف حضرت شیخ عبدالغفار فضلی نقشبندی مجددی (م ۱۹۶۴) المعروف پیر مٹھا قدس اللہ سرہ العزیز
یہ مکتوب آپ نے جناب خاوند بخش صاحب کی طرف صادر فرمایا۔
حوالہ: جماعت اصلاح المسلمین، پاکستان
مکتوب شریف نیچے شروع ہوتا ہے۔
بخدمت عزیز القدر میاں خاوند بخش سلمہ ربہ
السلام علیکم و رحمۃ اللہ و برکاتہ
عزیزا محبت اللہ تبارک و تعالیٰ کی کثرت ذکر سے پیدا ہوجاتی ہے، جیسا کہ حدیث شریف میں وارد ہے
”من احبّ شیئًا اکثر ذکرہ“
جتنا قدر جو طالب کی دل میں محبت اور شوق بڑھتا جاتا ہے اور دن بدن سوز اور قلق زیادہ ہوتی جاتی ہے یہ ہی علامت علانیۃ اور متبادر ہے کہ مطلوب کو ضرور ان کی محبت ہے۔ جیسا کہ حضرت روم رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں
ھیچ عاشق خود بناشد عشق جو
گر نه معشوقش بود جویائے او
فقط لاف گذاف کو محبت نہیں کہتے۔ محبت اس کو کہتے ہیں کہ محبوب کی یاد سے ایک دم بھر بھی غافل نہ رہے۔ ”الذین یذکرون اللہ قیامًا و قعودًا و علیٰ جنوبھم“۔ اس آیت شریف میں یہ سمجھایا جاتا ہے کہ مدام ذکر میں مشتغل رہے۔ زہے سعادت جس کو یہ درجہ نصیب ہوا۔ کثرت ذکر میں بہت فوائد مندرج ہیں جو کہ تحریر سے بھی از حد افزوں و زائد ہیں۔ اور آپ کی دل میں جو شعلہ طلب کا ہر وقت مشتعل ہے، آپ یوں سمجھو کہ یہ محبوب کی طلب کا نتیجہ ہے کما قال المولوی روم رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ
در دل تو مهر حق چون شد تو
هست حق را بیگمان مهر تو
”اللهم زد فزد“۔
عزیزا فقیر حبیب اللہ کا ایک خط پہنچا ہے۔ لفافہ کارڈ موجود نہ تھا اس لئے جواب نہیں دیا گیا۔ اس کے حق میں دعا کی جاتی ہے، اللہ تبارک و تعالیٰ اس کو ہدایت نصیب فرماوے اور راہ راست پر چلاوے۔ اللہ رکھیا عیالدار ہے اور قابل رحم ہے اور جمیع اہل قرابت جوار پر اس کی خدمت کرنی ایک لازمی امر ہے، اور سائلوں اور گدا پیشہ لوگوں کے دینے سے اس کا دینا افضل ہے۔ دعا کی جاتی ہے حق سبحانہ و تعالیٰ ان کو وسعت عطا فرماوے۔ بخدمت جناب خلیفہ صاحب و فقیر محمد موسیٰ جمیع جماعت اہل ذکر السلام علیکم۔
لاشئی فقیر محمد عبدالغفار فضلی