مکتوب شریف حضرت شیخ عبدالغفار فضلی نقشبندی مجددی (م ۱۹۶۴) المعروف پیر مٹھا قدس اللہ سرہ العزیز
یہ مکتوب آپ نے جناب خاوند بخش صاحب کی طرف تحریر فرمایا۔
حوالہ: جماعت اصلاح المسلمین، پاکستان
مکتوب شریف نیچے شروع ہوتا ہے۔
بخدمت مشفقی میاں خاوند بخش
السلام علیکم و رحمۃ اللہ و برکاتہ
آپ کے خط سے حقیقت کی آگاہی ہوئی۔ عزیزا جو طالب مولیٰ کا ہووے اس کے لئے یہ بات ضروری ہے کہ دین اور دنیا کے کام اور خود اپنے کو شیخ کے سپرد کر دیوے اور ہر وقت شیخ کا منتظر فرمان کا رہے، جو حکم زبان سے نافذ ہووے اس پر فورًا عمل کرے۔ اور شیخ نتیجہ کار کا واقف ہوتا ہے، اللہ تعالیٰ ان کو جتلا دیتا ہے کہ اس کام میں یہ بہتری ہے اور اس میں نہیں۔ لہٰذا شیخ کے حوالا ہونا ضروری ہے۔ آپ کی حالت بہت اچھی ہے اور آپ کو محبت اور یقین بالکل پکا اور کامل ہے۔ مطلب اس عاجز کا یہ ہے کہ جب آپ اس طرح کرو گے تو فورًا آپ کو اس سے زیادہ فائدہ اور ترقی ہوویگی۔ جس کی آنکھ میں کٹر پڑجاوے تو وہ دوسرے کے حوالے کردیتا ہے کہ یہ لو میری آنکھ، آپ کے منہ کے سامنے ہے اور کٹر جلدی نکال ڈالو۔ تو طالب خدا اپنی دل کو شیخ کی طرف متوجہ کر دیوے تانکہ دل کی تمام علت غور سے نکال ڈالے گا۔
عزیزا بندہ دعاگو ہے اور آپ کے لئے دعاگو ہے اور آپ کے لئے دعا مانگتا رہتا ہے کہ اللہ تعالیٰ آپ کو اور تمام جماعت اہل ذکر کو ترقی نصیب فرماوے اور دین و دنیا میں بھی آسودہ رکھے اور دونوں جہاں میں سرفراز ہوویں اور ذکر اور اتقاء اور شریعت کی تابعداری نصیب ہووے۔ ہمت کرو ایک دوسرے کو ترغیب دیوو تانکہ اس نیکی کے کام میں تمہارے شریک ہوجاویں۔ اور دنیا کی کشمکش میں مت گھبراؤ اور دل کو اس کے وسوسہ سے بالکل فارغ رکھو۔ مختصر بات ہے مرے ہوئے کو کوئی نہیں مار سکتا والسلام۔
تمام جماعت اہل ذکر اور تمام بیبیوں صاحب الذکر کی خدمت میں عرض ہے کہ ذکر میں ایک طرفۃ العین غافل نہ ہوویں اور شرارت اور فتنہ کی بات کی طرف خیال مت کریں۔ یہ شیطان کا وطیرہ ہے کہ فساد کھڑا کردینا اور اسی وسوسہ میں ڈالنا تانکہ کسی طرح ذکر سے غافل ہوجاویں۔ خبردار اس دشمن کے فریب سے دھوکا نہ اٹھانا، تم اپنے اللہ تعالیٰ کی یاد میں لگے رہو تمہارا اوروں سے کیا کام۔ کان دے کر دوسرے کی بات مت سنو۔
لاشئی فقیر عبدالغفار فضلی