مکتوب پیر مٹھا ۱۱: حاجی نواب شاہ صاحب کی طرف

مکتوب شریف حضرت شیخ عبدالغفار فضلی نقشبندی مجددی (م ۱۹۶۴) المعروف پیر مٹھا قدس اللہ سرہ العزیز

یہ مکتوب آپ نے اپنے مرید حاجی نواب شاہ صاحب کی طرف لکھا۔

حوالہ: جماعت اصلاح المسلمین، پاکستان

مکتوب شریف نیچے شروع ہوتا ہے۔

بخدمت گرامی جناب حاجی نواب شاہ صاحب سلمہ اللہ تعالی

السلام علیکم و رحمۃ اللہ و برکاتہ

آپ کا عطوفت نامہ پہنچا حقیقت مندرجہ سے آگاہی ہوئی۔ ذکر میں ازحد زیادہ کوشش کرو اور اس سے کیا زیادہ تاکید کی جاوے کہ حضور محبوب الٰہی من الصلٰوت والتحیات افضلہا فرماتے ہیں

(حدیث) ”اذکروا اللہ حتیٰ یقولو انہ مجنون“۔ او کما قال النّبی علیہ الصلوات و التحیات

اور تبلیغ کا کام سب سے برتر ہے، اس میں دوسروں کی ترقی اپنی ترقی کا موجب بن جاتی ہے۔ ہمت کو بالا رکھو بلکہ دن بدن تبلیغ میں سبقت حاصل کرو۔ اور آنا جانا بیشتر کیا کرو کیونکہ نہ آنے میں شیطان کو بہت مضبوط موقع ملتا ہے، اور رابطہ شیخ تو ازحد مفید ہے۔ یہ نعمت ہر ایک بوالہوس کو نہیں ملتی بلکہ اخص الخاص لوگوں کو یہ نعمت دی جاتی ہے۔ حضرت خواجہ احرار قدس اللہ تعالیٰ سرہ فرماتے ہیں ”سایہ پیر بہ است از ذکر حق“۔

اور تلاوت قرآن شریف اتنا کیا کرو جو فراموش نہ ہوجاوے اور جمعہ کے خطبات یاد کرلو اور عیدین اور نکاح کے خطبات بھی یاد ہوویں اور کتاب رکن دین اردو منگا کر اس کو پڑھو۔ جو ضروری مسائل نماز کے ہیں یاد کرلو۔ فرائض، سنن، واجبات، مستحبات، مکروہات سبھ سمجھ لو اور وضو کے احکام بھی خوب سمجھ لو، اور غسل کے فرائض، واجبات غسل نیز یاد کرلو اور آسان چند کتابیں فقہ کی ضرور منگالو اور مطالعہ کیا کرو اور آنا جانا بالکل کثرت سے کیا کرو۔ حتیٰ کہ عاشق آباد کو اپنا وطن اور گھر سمجھو اور گھر کو سفر، جس وقت سفر سے تشریف لاؤ فورًا یہاں آ جانا، انشاء اللہ تعالیٰ بندہ عازم سفر ہے۔

لاشئی فقیر محمد عبدالغفار فضلی

از عاشق آباد شریف

أضف تعليقاً

لن يتم نشر عنوان بريدك الإلكتروني. الحقول الإلزامية مشار إليها بـ *