مکتوب پیر مٹھا ۸: بنام حاجی نواب شاہ صاحب

مکتوب شریف حضرت شیخ عبدالغفار فضلی نقشبندی مجددی (م ۱۹۶۴) المعروف پیر مٹھا قدس اللہ سرہ العزیز

یہ مکتوب آپ نے اپنے مرید حاجی نواب شاہ صاحب کو تحریر فرمایا۔

حوالہ: جماعت اصلاح المسلمین، پاکستان

مکتوب شریف نیچے شروع ہوتا ہے۔

بخدمت گرامی مشفقی حاجی نواب شاہ صاحب سلمہ اللہ تعالیٰ و علیٰ من اتبع الھدیٰ

آپ کا محبت بھرا خط پہنچا، جس سے بہت خوشی حاصل ہوئی۔ عزیزم! طالب مولیٰ جس قسم کی بھی تکلیف میں ہوگا، ہرگز شیخ کی محبت کو نہیں چھوڑے گا۔ کیونکہ قوی رابطہ کا طالب محبت کے اثر کی وجہ سے پیر کے کمالات کو اپنی طرف کھینچ لیتا ہے۔ جس قدر پیر کی محبت شدید ہوگی، اسی قدر قلب میں بھی فیض زیادہ ہوگا۔ طالب پیر کی محبت کے ذریعے باطن میں وہی رنگ حاصل کرتا ہے اور حضرت مجدد الف ثانی رحمۃ اللہ علیہ کا یہ قول جو حکمت سے معمور ہے، اس تقریر کی تائید کرتا ہے۔ آپ فرماتے ہیں کہ ”محبت کے لئے ضروری ہے کہ محبوب کی اطاعت یا تابعداری کی جائے۔ اس وقت فنا فی الشیخ حاصل ہوتی ہے، جو پہلا زینہ ہے اس سر مستی کا اور دوسرا ہے فنا فی اللہ کا، جہاں اسے بقا باللہ کا مرتبہ حاصل ہوتا ہے“۔ عزیزم پیر کی محبت کی خوبیوں کا کیا بیان کروں۔ اگر اپنی پوری عمر اس کی شرح کرنے میں صرف کروں تو بھی ہزاروں اوصاف میں سے صرف ایک بھی پوری طرح ادا نہیں کرسکوں گا۔ اس راستے میں اللہ تبارک و تعالیٰ کے عجیب وصول کی منزل بھی فقط پیر کی محبت کے ذریعے حاصل ہوتی ہے۔ اللہ تعالیٰ آپ کو اور ہمیں یہ سعادت نصیب فرمائے۔ بخدمت جناب نور محمد صاحب! یہ ایک مضمون مطالعہ کریں اور آپ کی پاکباز بیوی کے لئے جو تعویذ لکھے گئے ہیں، وہ انہیں پلاتے رہیں اور سنگھانے والے تعویذ شاہ صاحب سے لیکر استعمال فرمائیں، انشاء اللہ تعالیٰ جلد شفایابی ہوگی۔ بخدمت مولوی میاں عنایت اللہ، میاں محمد ابراہیم، میاں پیر بخش، میاں خیر محمد، شاہ صاحب، میاں محمد اسماعیل، میاں نور محمد، میاں محمد شفیع، میاں سکھیہ، میاں لطف اللہ، میاں عبدالکریم اور وہاں کی تمام جماعت اہل ذکر کو السلام علیکم و رحمۃ اللہ و برکاتہ۔

لاشئی فقیر محمد عبدالغفار فضلی

أضف تعليقاً

لن يتم نشر عنوان بريدك الإلكتروني. الحقول الإلزامية مشار إليها بـ *